حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، میڈیا اور ورکرز کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے، صوبائی حکام بھی اپنے صوبوں میں اسی طرز پر سیکورٹی کے اقدامات کریں، وفاقی پولیس صوبائی وزارت داخلہ کے محکموں کی معاونت کریں، اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے والے میڈیا ہاوسز کی نشاندہی

وفاقی وزیر اطلاعا ت ونشریات سینیٹر پرویز رشید کا وزارت اطلاعات کی وزارتی کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کے لئے محسن رانجھا کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کا بل 2016 تیاری کے عمل میں ہے، اس کے تحت صحافیوں کے مطالبات کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا، وزارت اطلاعات حکام کی بریفنگ

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعا ت ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت صحافی برداری کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، میڈیا اور ورکرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، صوبائی حکام بھی اپنے صوبوں میں اسی طرز پر سیکورٹی کے اقدامات کریں، وفاقی پولیس صوبائی وزارت داخلہ کے محکموں کی معاونت کریں، وفاقی پولیس صوبوں کو پینک بٹن نظام سے متعلق ماہرانہ معاونت دیں، ایسے میڈیا ہاوسز کی نشاندہی بھی کی جائے جو اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے۔

وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات کی وزارتی کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،اجلاس میں میڈیا ہاوسز اور میڈیا کے نمائندوں کی حفاظت سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا،اجلاس میں وزیر مملکت بلیغ الرحمان، وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے بھی شرکت کی،اجلاس میں وزارت اطلاعات کے حکام، پی بی اے، اے پی این ایس، نیشنل پریس کلب اور سی پی این ای کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا ہاسز اور نمائندوں کی حفاظت کے لئے سیکورٹی مضبوط بنانے پر مشاورت کی گئی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارت اطلاعات حکام نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کا بل 2016 تیاری کے عمل میں ہے، بل میں صحافیوں کے اصل خدشات اور مطالبات کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا، بل میں انڈوومنٹ فنڈ، جانی نقصان اور زخمی ہونے کی صورت میں معاوضے کی ادائیگی کی اسکیمیں شامل کی جارہی ہیں، میڈیا انڈسٹری کی پائیدار ترقی اور اسکی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے گا، اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے میڈیا ہاوسز کے تحفظ سے متعلق اقدامات کو سراہا،وفاقی وزیر اطلاعات نے محسن شاہ نواز رانجھا کے زیر سرپرستی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی،ذیلی کمیٹی ،کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے صحافیوں کو اپنی حفاظت اور خراب حالات میں رپورٹنگ پر ورکشاپ کرانے کی ہدایت بھی کی ،اجلاس میں میڈیا ہاؤسز اور میڈیا کے نمائندوں کی سیکورٹی سے متعلق زیر غور آئے،کوئٹہ اور کراچی میں میڈیا ہاوسز پر حملے اور اسکے محرکات پر بھی غور کیا گیا