بھارت روز اول سے منافقانہ پالیسی پر گامزن رہا‘ بھارتی ایئر چیف کے بیانات سے بھارت کی پاکستان دشمنی اور اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسی کھل کر سامنے آ گئی‘پاکستان کے ٹکڑے کرنے والے کسی صورت دوستی کے لائق نہیں‘حافظ عبدالغفار روپڑی

نماز جمعہ کے بعد وطن عزیز کی سلامتی اور اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہاہے کہ بھارت روز اول سے منافقانہ پالیسی پر گامزن رہا۔ بھارتی ایئر چیف کے بیانات سے بھارت کی پاکستان دشمنی اور اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسی کھل کر سامنے آ گئی ، پاکستان کے ٹکڑے کرنے والے کسی بھی صورت دوستی کے لائق نہیں۔

گذشتہ روز جامعہ داراقدس چوک دالگراں لاہور میں خطبہ جمعہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع دن سے ہی بھارت نے پاکستان کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے کرنے کا کوئی موقع نظر انداز نہیں کیا۔ پاکستان کی جانب سے ہمیشہ دوستی کیلئے ہاتھ بڑھایا گیا مگر بھارتی حکمران ’’بغل میں چھری منہ میں رام رام‘‘ کے مصداق ہمیشہ دوغلی پالیسی پر عمل پیرا رہے اور دوستی کی آڑ میں پیٹھ میں چھرا گھونپنے سے باز نہیں آئے۔

(جاری ہے)

مودی حکومت کے پاس سوائے پاکستان دشمنی کے کوئی ایجنڈا نہیں۔ دن رات وہ مذموم ارادوں کی تکمیل کیلئے اپنی صلاحیتیں اور خزانہ پانی کی طرح بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب اسلحہ کی خریداری کیلئے سرکاری اپیل سے بھارتی مذموم ارادے واضح ہیں جو خطے کیلئے شدید خطرہ ہیں۔ بے گناہ کشمیریوں پر طاقت کا استعمال اخلاقیات سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک اور قابل افسوس ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے مجرمانہ خاموشی بھی باعث تشویش ہے۔ پاکستانی حکمرانوں کی غیرت کو للکارتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور ازلی دشمن کے ساتھ ہاتھ ملانے کی بجائے اس کی مذموم کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے پاکستان کے اندرونی ابتر حالات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تحفظ و استحکام کیلئے تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر مل کر کام کرنا ہو گا۔ سیاست دان منفی سیاست چھوڑ کر ملک کی خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں۔ نماز جمعہ کے بعد وطن عزیز کی سلامتی اور اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔