ایم کیو ایم کبھی لندن سے لاتعلقی نہیں کرسکتی،را اور موساد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں‘مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اورسابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کبھی لندن سے لاتعلقی نہیں کرسکتی،را اور موساد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم عسکری ونگ سے علیحدگی اختیار کرکے صراط مستقیم پر آرہی ہے تو یہ اچھی بات ہے لیکن لندن سے کچھ اور ہی بیانات آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

مجھے لگتا ہے کہ ایم کیو ایم لندن سے کبھی لاتعلقی نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے دہشتگردوں اور مودی کو اچھا جواب دیا ہے،حکومت کو بھی اسی طرح سے جواب دینا چاہیے۔نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہورہاہے،اکا دکا واقعات کو روکنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کے بلوچستان اور گلگت بلتستان سے متعلق بیان کے بعد بلوچستان میں ہونے والا دھماکہ الطاف حسین کی تقریر،پشاور اور مردان واقعات ان سب کا آپس میں تعلق ہے،را اور موساد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔