زون فائیو میں جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پاس 4ہزار 222 کنال اراضی دستیاب ہے ، کل 5367 کنال اراضی درکار ہے، وزارت داخلہ

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:30

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) وزارت داخلہ کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ زون فائیو میں جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پاس 4ہزار 222 کنال اراضی دستیاب ہے جبکہ کل 5367 کنال اراضی درکار ہے‘ اراکین کی جانب سے اراضی کی لاگت یا ترقیاتی اخراجات ادا کردیئے گئے ہیں‘ یہاں ترقیاتی کام کا آغاز نہیں کیا گیا‘ سی ڈی اے کی جانب سے این او سی کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد نے زون فائیو میں 2004ء میں الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے تھے۔ سوسائٹی کے پاس 4222 کنال اراضی موجود ہے تاہم اس میں 5367 کنال اراضی تک کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کردیئے ہیں۔ عدم ادائیگیوں پر کوئی پلاٹ منسوخ نہیں کیا گیا۔

ابھی تک سی ڈی اے سے این او سی کا انتظار ہے۔ اس وقت مذکورہ سوسائٹی کے اکاؤنٹ میں 1 کروڑ 70 لاکھ روپے موجود ہیں۔ مذکورہ سوسائٹی میں بے ضابطگیوں پر قابو پانے کے لئے حکومت نے کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925ء کی دفعہ 43 کے تحت انکوائری شروع کردی ہے اور انکوائری آفیسر کی سفارشات کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :