لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر مجاہد کامران کو پنجاب یونیورسٹی کے اجلاس کی سربراہی سے روکنے کیلئے دائر درخواست نمٹا دی

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:23

لاہور۔2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقائم وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کو پنجاب یونیورسٹی کے غیر فعال سینڈیکیٹ کے اجلاس کی سربراہی سے روکنے کیلئے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے گورنر پنجاب کو فریقین کا موقف سن کر درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی،لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار تصور سرور کے وکیل صفدر شاہین پیر زادہ نے موقف اختیار کیا کہ قوانین کے تحت یونیورسٹی کے قائم مقائم وائس چانسلر سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کا قانونی اختیار نہیں رکھتے، انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقائم وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران غیر قانونی طور پر سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں،پنجاب یونیورسٹی کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب نے یونیورسٹی کے اہم امور چلانے کیلئے سینڈیکیٹ اجلاس کا نوٹیفیکیشن جاری کیا،انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹر مجاہد کامران نے قوانین اور چانسلر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کی روشنی میں سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کر کے یونیورسٹی کے اہم امور چلانے کی منظوری دی،انہوں نے بتایا کہ چانسلر کی ہدایات پر عمل نہ کیاجاتا تو یونیورسٹی کے انتظامی امور درہم برہم ہوجاتے جس پر عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے گورنر پنجاب کو فریقین کا موقف سن کر درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔