پولی کلینک اسپتال کے لیے آکسیجن گیس سلینڈرز کی خریداری میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار چار ڈاکٹرز، وزارت کیڈ کا سیکشن افسر اور دو کنٹریکٹرز 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:23

اسلام آباد ۔02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) سینئر سول جج عبدالغفور کاکڑ نے وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک اسپتال کے لیے آکسیجن گیس سلینڈرز کی خریداری میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار چار ڈاکٹرز، وزارت کیڈ کے سیکشن افسر اور دو کنٹریکٹرز کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا، ایک ڈاکٹر کو طبیعت کی ناسازی کے باعث جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

پولی کلینک اسپتال کے لیے آکسیجن گیس سلینڈرز کی خریداری میں کرپشن کا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے معاملہ کا نوٹس لیے جانے کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے اسلام آباد کے سینئر سول جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں پیش کیا۔ ملزمان میں ڈاکٹر افتخار نارو،ذوالفقال صابر،فیاض احمد شیخ، عظمت ہمایوں ، فرخ اقبال ،وزارت کیڈ کے سیکشن آفیسر فرحان سکندراور گیس کنٹریکٹرز ملک رحمت اور رانا منظور احمد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے بیماری کے باعث ڈاکٹر ذوالقفال صابر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا جبکہ دیگر سات دیگر ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے اسپتال کے لیے آکسیجن گیس سلنڈرکی خریداری میں 3 کروڑ روپے کی بدعنوانی کی ۔ملزمان کے وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ کنٹریکٹ 2013 میں دیا گیا مگر تین سال بعد اس ا یشو کو اٹھایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :