قومی اسمبلی میں الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر اور پاکستان مخالف نعروں کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

جمعہ 2 ستمبر 2016 15:20

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی نے الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر اور پاکستان مخالف نعروں کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے جبکہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے تمام افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر چوہدری برجیس احمد طاہر نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ایم کیو ایم کی بھوک ہڑتال کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگائے جانے‘ الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر کو پاکستان کی اساس‘ بقاء اور سالمیت پر حملہ تصور کرتا ہے جو قابل مذمت ہے۔

یہ ایوان میڈیا ہاؤسز بالخصوص اے آر وائی ٹی وی چینل پر حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان کسی بھی جانب سے ہر قسم کے جرائم‘ تشدد‘ دہشتگردی یا پاکستان مخالف نعروں ‘ ایسی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے تمام افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ‘ مسلح افواج‘ میڈیا‘ عدلیہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے تحت کام کرنے والے تمام جمہوری اداروں کے ساتھ یہ ایوان اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔