امریکی رپورٹ کے مطابق سال 2015ء میں پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی ، بھارت اور بنگلہ دیش میں دہشتگردی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا

وزارت داخلہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں جواب

جمعہ 2 ستمبر 2016 15:20

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ امریکی رپورٹ کے مطابق سال 2015ء میں گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں دہشتگردی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عمران ظفر لغاری کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور نیپ پر عملدرآمد کے بعد سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

جواب میں بتایا گیا ہے کہ 2 جون 2016ء کو امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2015ء میں دہشتگرد حملوں میں 2014ء کے مقابلے میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی۔ دہشتگردی کے حملوں میں ہونے والی اموات میں 39 فیصد اور زخمیوں میں 53 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ اسی عرصہ کے دوران بنگلہ دیش اور بھارت میں دہشتگردی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔