دہشت گردوں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں دیں گے،وزیراعظم نواز شریف

جمعہ 2 ستمبر 2016 14:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 ستمبر۔2016ء) ملک بھر کے سیاسی، عسکری و مذہبی رہنماؤں نے مردان کچہری اور کرسچن کالونی میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے جبکہ کرسچن کالونی میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے پر سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے مردان میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا اورکہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پسپا ہوتے دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ہم دہشت گردوں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں دیں گے اور ان کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پشاور میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر وزیراعظم نواز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج، ایف سی اور پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی جب کہ بغیر کسی جانی نقصان کے دہشت گردوں کے سے نمٹنا نہ صرف قابل تعریف ہے بلکہ فورسز کی اہلیت اور صلاحیت میں اضافہ بھی قابل قدر ہے۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو فوری کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے فورسز نے موثر کارروائی کر کے شہریوں کی جان بچالی ، ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔ وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشت گرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلہ پست نہیں کرسکتے ،ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں ، ہماری سکیورٹی فورسز نے کرسچن کالونی کا حملہ ناکام بنایا ، سکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کاروائی قابل تحسین ہے ۔

خیبرپختونخوا ہ میں ایک ہی دن میں دو دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات ہمارے حوصلہ پست نہیں کرسکتے ،ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے عوام بہادر ہیں جنہوں نے پہلے بھی دہشت گردی کا دلیری و جرات سے مقابلہ کیا اور اب بھی ایسے واقعات سے گھبرانے والے نہیں انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے بھرپور تعاون سے بچے کچھے دہشت گردوں کو بھی ڈھونڈ نکالیں گے ۔

کرسچن کالونی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے اور چار حملہ آوروں کو مارنے پر سکیورٹی اہلکارمبارکباد کے مستحق ہیں ۔مردان کچہری اور کرسچن کالونی میں دہشت گردی کے واقعات کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ،جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن ،جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق ، چوہدری شجاعت حسین،اسفند یار ولی خان سمیت تمام سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :