پشاوردہشت گردی:وفاقی دارالحکومت میں ہائی الرٹ،60 مشتبہ افراد گرفتار

جمعہ 2 ستمبر 2016 12:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 ستمبر۔2016ء) پشاور کے علاقے کرسچن کالونی اورمردان کچہری میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد وفاقی دارالحکومت میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 60 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ،اہم عمارات، تعلیمی اداروں ، میڈیا ہاوٴسز اور مارکیٹس پر بھی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی،شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ،بعض ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سہالہ کے علاقوں پٹھان کالونی اور سہالہ بازار میں سرچ آپریشن کے دوران 60 مشتبہ افراد گرفتار کر لیے ہیں اور پشاور کرسچن کالونی میں دہشت گردوں کی طرف سے حملے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی۔ تمام افسران کو اپنے علاقوں میں گشت پر رہنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

سیکورٹی فورسز کی طرف سے اہم عمارات، تعلیمی اداروں ، میڈیا ہاوٴسز اور مارکیٹس پر بھی سکیورٹی الرٹ کر دی گئی۔ تمام افسران کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گرفتار افراد کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں۔ گرفتار افراد کو مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کا مقصد اسلام آباد کی سیکورٹی کو موثر بنانا ہے۔ ترنول کے علاقے میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 10مشکوک افراد گرفتار کر لیئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ گرفتار مشکوک افراد کی مزید چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :