سیکورٹی فورسز نے موثر کارروائی کر کے شہریوں کی جان بچا لی۔ ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔وزیراعظم نوازشریف ‘آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘مردان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس ‘لواحقین سے تعزیت کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 2 ستمبر 2016 12:06

سیکورٹی فورسز نے موثر کارروائی کر کے شہریوں کی جان بچا لی۔ ملک بھر سے ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 ستمبر۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین ‘وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کر کے شہریوں کی جان بچا لی۔

وزیراعظم نوازشریف نے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جانی نقصان سے بچا کر دہشت گردوں کو مارنا قابل تحسین عمل ہے۔ پشاورحملہ ناکام بنانا ثابت کرتا ہے سیکیورٹی فورسز کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو فوری کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے فورسز نے موثر کارروائی کر کے شہریوں کی جان بچالی ، ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔ صدر ، وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان سمیت سیاسی رہنماوں نے مردان دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پسپا ہونے والے دہشتگرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں ، دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں چھپنے نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی سربلندی کیلئے دعا بھی کی۔مردان دھماکے کی صدر ممنون حسین نے پرزور الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی مردان دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے بھی مردان کچہری میں ہونیوالے حملے کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی مردان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ واقعہ خالصتاً سفاکیت اور انتشار انگیزی کی مذموم کوشش ہے، صوبائی حکومت زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنائے۔پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ( ق) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی مردان دھماکے کی پرزو ر الفاظ میں مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔