پشاور،سیکورٹی فورسز نے کرسچن کالونی میں حملہ ناکام بنادیا ، جوابی کاروائی میں4 دہشت گرد مارے گئے

جمعہ 2 ستمبر 2016 11:29

پشاور/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 ستمبر۔2016ء) پشاور میں ورسک ڈیم کے قریب کرسچن کالونی میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا،فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے ،فائرنگ میں 2 ایف سی اہلکار،پولیس کانسٹیبل اور دو سویلین گارڈ زخمی ہوئے ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی فوری اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر مبارکباد دی ۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلحہ و گولہ بارود سے لیس 4خودکش حملہ آور صبح 5 بجکر50 منٹ پر کرسچین کالونی ورسک میں داخل ہوئے۔ دہشتگردوں نے پہلے گیٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈ کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار چند منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں چار خودکش بمبار ہلاک ہو گئے جبکہ دو ایف سی ، ایک پولیس کانسٹیبل اور دو شہری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرسچن کالونی میں ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد خود کش بمبار تھے ۔دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد سیکیورٹی فورسز نے گھر گھر تلاشی کاعمل شروع کیا۔

کرسچین کالونی ورسک ڈیم کے قریب ہی واقع ہے جس کے ایک جانب خیبرایجنسی ہے اور کچھ ہی فاصلے پر مہمند ایجنسی کاعلاقہ شروع ہو جاتا ہے۔ کالونی میں اقلیتی برادری کے علاوہ ورسک ڈیم کے ملازمین بھی رہائش پذیر ہیں۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی فوری اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر مبارکباد دی ۔