مردان،ضلع کچہری کے گیٹ پر خودکش دھماکہ،6 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

جمعہ 2 ستمبر 2016 11:29

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 ستمبر۔2016ء ) مردان میں کچہری روڈ پر ضلع کچہری کے گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق مرادن میں خود کش بمبار نے ضلع کچہری کے مرکزی دروازے کے سامنے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق جبکہ وکلا سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے کے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ۔

ڈی پی او مردان فیصل شہزاد کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق خودکش حملہ آور نے پہلے دستی بم حملہ کیا اور پھر ضلع کچہری گیٹ پر خود کو اڑالیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دھماکے کے بعد ضلع کچہری جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ جاں بحق افراد میں سیکیورٹی کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور خودکش دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔ ریسکیو حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کا ضلعی کچہری میں داخلہ بند کردیا ۔

متعلقہ عنوان :