پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کے احتساب کیلئے پوری اپوزیشن ایک پیج پر ہے ‘ مفاہمت کی سیاست کا مطلب ملک کو لوٹتا دیکھتے رہنا نہیں‘ آرٹیکل 6 کا مذاق بنا دیا گیا ہے، حکومت کرپشن کو تحفظ دے رہی ہے ‘ ایم کیو ایم کو مائنس الطاف کے ساتھ چلنے دیا جائے ‘ متحدہ کو توڑنے سے الطاف حسین کو فائدہ ہو گا

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعرات 1 ستمبر 2016 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم ستمبر ۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کا احتساب کرنے کیلئے تمام اپوزیشن ایک پیج پر ہے ‘ مفاہمت کی سیاست کا مطلب یہ نہیں کہ ملک لوٹتا دیکھتے رہیں‘ ایم کیو ایم کو مائنس الطاف چلنے دیا جائے ‘ ایم کیو ایم کو توڑنے سے الطاف حسین کو فائدہ ہو گا ‘ آرٹیکل 6 کا مذاق بنا دیا گیا ہے۔

حکومت کرپشن کو تحفظ دے رہی ہے ۔وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی رابطہ مہم کیلئے اسی ماہ جلسے کرے گی۔ سیاست میں کوئی آخری بات نہیں ہوتی فیصلے تبدیل کرنے پڑتے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا سیاسی تجربہ میاں صاحب کی پوری سیاست سے دو گنا ہے۔

(جاری ہے)

ہم جمہوری لوگ ہیں ہمارے لئے پارلیمنٹ سب سے سپریم ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پچھلے تین برسوں میں وفاقی حکومت نے بے تحاشا قرضہ لیا آخر اس کی کیا ضرورت تھی۔ مفاہمت کی سیاست کا مطلب یہ نہیں کہ ملک لوٹتا دیکھتے رہیں۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر تمام اپوزیشن ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی خواہش کے مطابق دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) والے اپوزیشن میں تھے تو کرپشن کا بہت شور مچاتے تھے مگر اب خود کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں ۔

میاں صاحب کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں تھا تو دوبار قوم سے خطا ب کیوں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کا مائنس الطاف چلنے دیا جائے۔ ایم کیو ایم توڑنے سے الطاف حسین کو فائدہ ہو گا۔ اب الطاف حسین پاکستان کی سیاست میں واپس دخل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جو الطاف حسین کا ہمدرد ہے وہ پاکستان کا دشمن ہے۔ آرٹیکل 6 کا بھی مذاق بنا دیا گیا ہے۔ پرویز مشرف سے متعلق سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ جس شخص پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے اسے ریڈ کارپٹ پر بٹھا کر ملک سے باہر بھیج دیا گیا ہے۔