پاناما پیپرز پر حکومت کا موقف تو پہلے دن سے کلیر ہے اپوزیشن ہی اپنے موقف تبدیل کرتی رہی ہے ، اپوزیشن کا مطمع نظر صرف فرد واحد کو نشانہ بنانا ہے حکومت ایسی قانون سازی چاہتی ہے جس سے مستقبل میں بھی مستفید ہوا جا سکے

رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

بدھ 31 اگست 2016 23:11

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز پر حکومت کا موقف تو پہلے دن سے کلیر ہے جبکہ اپوزیشن ہی اپنے موقف تبدیل کرتی رہی ہے جس کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں گے، اپوزیشن کا مطمع نظر صرف فرد واحد کو نشانہ بنانا ہے جبکہ حکومت ایسی قانون سازی چاہتی ہے جس سے مستقبل میں بھی مستفید ہوا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جب ہمارے ٹی او آرز کو درست نہ کہا تو اپوزیشن نے واہ واہ کیا لیکن اب جب وہی سپریم کورٹ اپوزیشن کی رٹ کو غیر سنجیدہ کہتی ہے تو یہ لوگ اس پر مختلف ردعمل دینا شروع ہو جاتے ہیں، طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عدلیہ سمیت اپنے تمام اداروں کا احترام کیا اسلیے اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اداروں کا احترام کرے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے کسی فرد واحد کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا، حمزہ عباسی کونشانہ بنائے جانے کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں،انہیں غلط خبر پر قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے جس کا انہیں قانونی جواب دینا چاہیے، عمران خان کی شادی کی غلط خبر پر میڈیا کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے، انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم بل ایک اچھا قانون ہے جسے تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر پارلیمنٹ میں پاس کیا ہے۔