نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے یونین کونسل کی سطح پر ہر ایک گاؤں میں عوام کی خدمت کرنی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 31 اگست 2016 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کی شب چیف منسٹر ہاؤس میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں پیپلز پارٹی کے بلدیاتی اداروں کے نومنتخب میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمینوں کے علاوہ سندھ کابینہ کے ارکان اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیاتی نمائندوں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنا ہے۔

آپ کو یونین کونسل کی سطح پر ہر ایک گاؤں میں عوام کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد ہر ضلع میں جا کر لوگوں سے ملاقات کروں گا اور ان کے مسائل سنوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے مجھ پر اور آپ پر جو اعتماد کیا ہے، ہمیں اس اعتماد پر پورا اترنا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے میری تربیت کی ہے اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

میں سید قائم علی شاہ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ میری رہنمائی کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے میرے عشائیہ میں شرکت کرکے میری عزت افزائی کی ہے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے 30 اضلاع میں سے 24 اضلاع میں بلدیاتی اداروں میں الیکشن جیتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم نے کراچی میں بھی اچھی پوزیشن حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس نے جماعتی بنیاد پر بلدیاتی الیکشن کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے تمام بلدیاتی نمائندوں کو اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پارٹی کو مضبوط بنانا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں صرف پیپلز پارٹی ہے۔ کوئی اور دوسری جماعت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو نچلی سطح تک عوام سے رابطے کا موقع میسر ہے۔ اس لئے وہ عوام کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھ کر ان کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور یہ ثابت کریں کہ پیپلز پارٹی بھی صرف عوام کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔

متعلقہ عنوان :