قومی دولت لوٹنے والے کرپٹ حکمران احتساب سے نہیں بچ سکتے ‘ذکر اﷲ مجاہد

جب تک بے رحم احتساب نہیں ہو گا اس وقت تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 31 اگست 2016 22:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کو کرپشن فری پاکستان بنانا جماعت اسلامی کا ہدف ہے ،قومی دولت لوٹنے والے کرپٹ حکمران احتساب سے نہیں بچ سکتے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی بدحالی اور تمام بڑے قومی اداروں کی تباہی کا واحد سبب لوٹ مار اور کرپشن ہے اس ناسور کا خاتمہ کئے بغیر پاکستان کو معاشی مسائل سے نہیں نکالا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران پانامہ لیکس کے معاملے کو لٹکا رہی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت کرپشن اسکینڈل کا پنڈ ور اباکس کھولنے سے ڈرتی ہے کیونکہ حکمران اپنے بچوں سمیت اس اسکینڈل میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک بے رحم احتساب نہیں ہوگا اس وقت تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ۔ حکمران لوٹ کھسوٹ میں مصروف عمل ہیں اور ملک دن بدن کمزور ہوتا جا رہا ہے ۔ ملک کی مجموعی آبادی کا ایک بڑا حصہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے ، مہنگائی سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے ،بے روزگاری عام ہونے کی وجہ سے نوجوان جرائم کی طرف مائل ہو رہے ہیں ۔ ذکر اﷲ مجاہد نے کہاکہ کرپشن وہی ختم کر سکتے ہیں جو خود کرپشن سے پاک ہوں، اس وقت سیاست میں کرپشن جیسے ناسور سے صرف جماعت اسلامی پاک ہے ۔

اب عوام کو دیانتدار ، باصلاحیت اور خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے افراد کو آگے لانا ہوگا تاکہ ملک سے کرپشن ، بے روزگاری ، مہنگائی دہشتگردی جیسے کینسر سے چھٹکارہ حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں ایک منظم نیٹ ورک رکھنے والی عوامی اور جمہوری جماعت ہے جو ملک میں مکمل تبدیلی کے لیے ایک بڑی ٹیم اور صلاحیت رکھتی ہے۔