Live Updates

3ستمبر کی ریلی سیاست کا نیا رخ متعین کریگی، ملک کو قرضوں میں ڈبونے والوں کو حساب دینا ہو گا‘عبدالعلیم خان

کارکن بڑے اور فیصلہ کُن معرکے کی تیاری کریں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا ریلی کے روٹ کا دورہ

بدھ 31 اگست 2016 21:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 3ستمبر کی تحریک انصاف کی ریلی ملکی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گی اور ملک کو 74کھرب روپے کے قرضوں تلے ڈبونے والوں کو قوم کو ہر حال میں حساب دینا ہو گا کہ انہوں نے اربوں روپے کی بیرون ملک جائیدادیں کس طرح بنائیں ؟انہو ں نے کہا کہ 4ماہ گزر جانے کے باوجود پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومتی خاموشی اس امر کا اعتراف ہے کہ" دال میں کچھ نہیں بہت کچھ کالا ہے" لیکن عمران خان اور تحریک انصاف اس معاملے کو کسی قیمت پر دبانے نہیں دینگے اور حکمرانوں کو احتساب پر مجبور کردیں گے عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3ستمبرکو تحریک انصاف کی ریلی ماضی کی طر ح پر امن ہو گی لیکن اگر کسی" گُلو بٹ "نے گڑ بڑ کرنے کی کوشش کی تو اُس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ونگز اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں اور ریلی کیلئے ہر لحاظ سے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومتی ایماء پر پی ٹی آئی کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی سمیت مختلف رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں لیکن ہر کوشش ناکام ہو گی اور ماضی سے بھی زیاد ہ بڑی تعداد میں لوگ باہر نکلیں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن 3ستمبر کو فیصلہ کُن اور بڑے معرکے کی تیاری رکھیں اور ہم سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنماؤں ممبران صوبائی اسمبلی میاں اسلم اقبال و شعیب صدیقی ، اعجاز چوہدری ،ظہیر عباس کھوکھر ،حماد اظہر، خواجہ جمشید امام، اعجاز ڈیال ، آجاسم شریف نے شاہدرہ سے چئیرنگ کراس تک 3ستمبر کی ریلی کی روٹ کا دورہ کیااور ریلی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ڈی سی او لاہور سے ملاقات کر کے انہیں 3ستمبر کی ریلی کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے اب یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض پورا کرے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :