وفاقی وزیرداخلہ کا برطانیہ سے الطاف حسین کیخلاف فوری ،قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ

لطاف حسین جس انداز میں برطانوی سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کر رہے ہیں وہ نہ صرف حکومت پاکستان بلکہ ملک کی عوام کیلئے ناقابل قبول ہے،چودھری نثار علی خان برطانوی سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،الطاف حسین کیخلاف پاکستان کی شکایت پر قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی، برطانوی ہائی کمشنر کی یقین دہانی

بدھ 31 اگست 2016 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء ) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانیہ کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس انداز میں الطاف حسین برطانوی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں یہ نہ صرف حکومت پاکستان بلکہ پورے ملک کی عوام کیلئے ناقابل قبول ہے،برطانوی ہائی کمشنر نے وزیرداخلہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ برطانیہ کی سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،برطانیہ الطاف حسین کے خلاف پاکستان کی شکایت پر قانون کے مطابق کاروائی کرے گا۔

بدھ کو برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے یہاں پنجاب ہاؤس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات،مختلف امور میں دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں اور پاکستان میں بدامنی،اشتعال اور عوام کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسارہے ہیں،الطاف حسین ریاست پاکستان اور ریاستی اداروں کی بے توقیری کر رہے ہیں جو کسی بھی ملک اور قوم کیلئے ناقابل برداشت ہے اور برطانیہ جیسے مہذب ملک میں بیٹھ کر ایک شخص جس انداز میں شر انگیزی کر رہا ہے وہ نہ صرف برطانوی بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ الطاف حسین کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرے اور اس سلسلے میں حکومت پاکستان نے برطانوی کو ریفرنس ارسال کردیا ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے وزیرداخلہ کو یقین دہانی کرائی کہ برطانیہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف کسی کو استعمال نہیں کرنے دے گا اور پاکستان کی شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔