افغان سیکورٹی فورسز کا انسداد دہشتگردی آپریشن ،97شدت پسند ہلاک ، 24زخمی، 12افغان فوجی بھی مارے گئے

افغان انٹیلی جنس کا کوئٹہ شوریٰ سے تعلق رکھنے والے 21مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھارت افغان افواج کو لیس کرنے پر رضا مند ، ایم آئی 25گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی اور ہیلی کاپٹروں کی بحالی اور مرمت کیلئے بھارت تعاون کرے گا،بھارت میں افغان سفیر ڈاکٹر شاہد ہ محمد ابدالی

بدھ 31 اگست 2016 21:39

افغان سیکورٹی فورسز کا انسداد دہشتگردی آپریشن ،97شدت پسند ہلاک ، 24زخمی، ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء) افغان سیکورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں انسداد دہشتگردی آپریشن میں 97شدت پسند ہلاک اور 24زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے حملوں میں 12افغان فوجی بھی مارے گئے ،ادھر افغان انٹیلی جنس نے جنوبی صوبہ قندھار میں کاروائی کرکے کوئٹہ شوریٰ سے تعلق رکھنے والے 21مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے دوسری جانب بھارت نے افغان افواج کولیس کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ۔

افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف صوبوں میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کیے ہیں جن میں 97شدت پسند ہلاک اور 24زخمی ہوگئے ۔بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ پکتیا کے ضلع جانی خیل کے نواحی علاقوں میں مشترکہ سیکورٹی فورسز نے کلین اپ آپریشن کیا جس میں 57طالبان جنگجو مارے گئے۔

(جاری ہے)

ضلع میں گزشتہ روز سے سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں او رسیکورٹی فورسز شدت پسندوں کے قبضے سے علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔طالبان نے گزشتہ ہفتے ضلعی کے پہاڑی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔شمالی صوبہ بغلان کے ضلع بغلان مرکزئی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 15شدت پسند ہلاک اور3دیگر زخمی ہوگئے ۔

جنوبی صوبہ ہلمند، زابل اور قندوز میں کیے جانے والے آپریشنز میں 25شدت پسند ہلاک اور 21زخمی ہوگئے جبکہ 3کو گرفتار کرلیا گیا ۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشنز کے دوران مختلف حملوں میں 12افغان فوجی بھی ہلاک ہوگئے ۔مشترکہ افغان سیکورٹی فورسز نے آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا جبکہ شدت پسندوں کی طرف سے نصب کی گئی بارودی سرنگوں اور سڑک کنارے نصب بموں کو بھی ناکارہ بنادیا گیا ۔

ادھر افغان انٹیلی جنس نے جنوبی صوبہ قندھار میں کاروائی کرکے کوئٹہ شوریٰ سے تعلق رکھنے والے 21مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔این ڈی ایس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتار افراد ملک کے مختلف حصوں میں تشدد کے کئی واقعات میں ملوث تھے جن میں خودکش حملے ،ٹارگٹ کلنگ ،سیکورٹی فورسز کے قافلوں پر حملے اور دیگر تخریبی سرگرمیاں شامل ہیں۔

این ڈی ایس نے الزام لگایا کہ گرفتار افراد کو ڈیورنڈ لائن کے دوسری طرف فوجی تربیت دی گئی تھی ۔دوسری جانب بھارت میں افغان سفیر ڈاکٹر شاہد ہ محمد ابدالی کا کہنا ہے کہ بھارت نے افغان افواج کو لیس کرنے کی افغانستان کی درخواست کا مثبت جوا ب دیا ہے ۔افغان آرمی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل قادم شاہ شہیم نے نئی دہلی کے دوران افغان افواج کو لیس کرنے کی درخواست کی تھی ۔

جنرل قادم شاہ نے نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب اور وزارت دفاع کے حکام سے ملاقاتیں کی تھیں جن میں افغان آرمی کو لیس کرنے کیلئے مطالبات کا اشتراک کیا گیا ۔ابدالی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے افغانستان کیلئے گزشتہ ایم آئی 25گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی اور افغانستان کی انوینٹری میں کچھ ہیلی کاپٹروں کی بحالی اور مرمت کیلئے افگان حکومت کی مدد کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے

متعلقہ عنوان :