افغانستان نے پاکستان کے دو ٹوک موقف کے آگے گھٹنے ٹیک دیے باقاعدہ معافی مانگ لی ،باب دوستی کھولنے کا فیصلہ

دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان ہر ماہ فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق، پاک افغان بارڈر پر ہاٹ لائن قائم کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسا واقعہ پیش نہ آسکے،18 اگست کا واقعہ نا قابل برداشت ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ، ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، افغان وفد کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل محمد چنگیزکی یقین دہانی

بدھ 31 اگست 2016 20:27

کابل /چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء) افغانستان نے پاکستان کے دو ٹوک موقف کے آگے گھٹنے ٹیک دیے اور باقاعدہ معافی مانگ لی جس کے بعد(کل) جمعرات سے باب دوستی کھول دیا جائے گا، دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان ہر ماہ فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق، پاک افغان بارڈر پر ہاٹ لائن قائم کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسا واقعہ پیش نہ آسکے۔

بدھ کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی سکیورٹی فورسز کی پانچویں فلیگ میٹنگ میں افغان حکام کی جانب سے 18 اگست کو پیش آنے والے واقعے پر باقاعدہ طور پر تحریری معافی مانگی گئی ہے ۔ افغان وفد کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل محمد چنگیز نے کہا کہ18 اگست کا واقعہ نا قابل برداشت ہے جس کی مذمت کرتے ہیں اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

فلیگ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان کے باقاعدہ معافی مانگنے کے بعد کل سے باب دوستی کھول دیا جائے گا۔ دونوں ملکوں کی فورسز کے اجلاس میں ہر ماہ فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاک افغان بارڈر پر ہاٹ لائن قائم کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسا واقعہ پیش نہ آسکے۔واضح رہے کہ 18 اگست کو افغانوں کی جانب سے اپنی حدود میں بھارت کے حق میں پاکستان مخالف مظاہرہ کیا گیا تھا جبکہ افغان فورسز نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ افغانوں کے احتجاج کے دوران باب دوستی پر پتھراؤبھی کیا گیا تھا جس کی وجہ سے پاکستانی سکیورٹی فورسز نے باب دوستی بند کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :