محکمہ بلدیات کی تمام گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے،جام خان شورو

سابق وزراء، سیکرٹریز اور افسران تین روز کے اندر اندر محکمہ بلدیات کی گاڑیاں محکمے کو واپس کردیں،وزیر بلدیات سندھ

بدھ 31 اگست 2016 19:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے سیکرٹری بلدیات کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کی تمام گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ سابق وزراء، سیکرٹریز اور افسران تین روز کے اندر اندر محکمہ بلدیات کی گاڑیاں محکمے کو واپس کردیں اورجن جن افسران کے پاس ایک سے زائد گاڑیاں ہیں وہ بھی زائد گاڑیاں واپس کردیں۔

تین روز کے بعد اب تمام کی مرتب شدہ فہرست ایف آئی آر کے اندراج کے لئے بھیج دی جائے گی۔ بدھ کو اپنے دفتر میں سیکرٹری بلدیات سندھ بقاء اﷲ انڑ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شور و نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کے زیر انتظام تمام ادارے گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور جو گاڑیاں سابق وزراء، سیکرٹریز اور افسران کے پاس موجود ہیں ان کو تین روز کے اندر اندر ان سے واپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے حوالے سے اب کوئی کرپشن نہیں ہونے دی جائے گی اور اب جو بھی محکمہ بلدیات کی گاڑیاں واپس نہیں کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان گاڑیوں کی وصولی کے لئے ایف آئی آر کا بھی اندراج کرایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری بلدیات کو اس حوالے سے فوری طور پر تمام متعلقہ اداروں کو خط لکھنے اور جن جن وزراء، سیکرٹریز اور افسران کے پاس گاڑیاں موجود ہیں، ان سے واپس لینے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایات دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :