انسداد دہشت گردی عدالت میں بغاوت، دہشتگردی اور میڈیا ہاوٴسز حملہ کیس

ایم کیو ایم کے قمر منصور، کنور نوید اور شاہد پاشا سمیت 44 کارکنوں کے خلاف 14 روز میں چالان پیش کرنے کا حکم

بدھ 31 اگست 2016 19:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 اگست ۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے بغاوت، دہشتگردی اور میڈیا ہاوٴسز پر حملہ کیس میں قمر منصور، کنور نوید اور شاہد پاشا سمیت ایم کیو ایم کے 44 کارکنوں کے خلاف 14 روز میں چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنماوٴں کنور نوید جمیل ، قمر منصور اور شاہد پاشا سمیت 44 کارکنوں کو انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے جج کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت میں ایم کیو ایم رہنما قمر منصور نے استدعا کی کہ میں بیمار ہوں اور مجھے زمین پر بٹھایا جارہا جب کہ عدالتی حکم کے باوجود اسپتال بھی نہیں لے جایا گیا لہذا جیل حکام کو ہدایت کی جائے جس پر عدالت کا کہناتھا کہ پہلے تحریری درخواست دیں پھر حکم جاری کیا جائے گا۔

سماعت کے دوران ستارہ بیگم نامی خاتون نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ان کا ایک بیٹا ہنگامہ آرائی میں جاں بحق ہوگیا جب کہ پولیس ان کا دوسرا بیٹا بھی ہنگامہ آرائی کے الزام میں اٹھا کر لے گئی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان کے قبضے سے 6 ڈنڈے اور 2 راڈز برآمد ہوئے ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو 14 روز میں چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایم کیوایم رہنماوٴں اور کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔