کراچی ، احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت

طبیعت خراب ہونے کے باعث ڈاکٹر عاصم کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا

بدھ 31 اگست 2016 19:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 اگست ۔2016ء) کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے کے باعث ڈاکٹر عاصم کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا اس سلسلے میں جیل حکام نے تحریری طور پر عدالت کو آگا ہ کردیا۔تحریری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم الٹیاں اور دیگر امراض میں مبتلا ہیں جس کے باعث انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا جس پر عدالت نے سماعت کو ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر ڈاکٹر عاصم حسین کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر عاصم کو پیٹ اور الٹیوں کی شکایات پرکراچی کے جناح اسپتال لایا گیا جہاں انکا الٹرا ساوٴنڈ اور دیگر ٹیسٹ کئے گئے تھے۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہر معالجین کی ٹیم نے ڈاکٹرعاصم کا مکمل معائنہ کیا ہے اورپیٹ کے الٹراساوٴنڈ سمیت مختلف خون کے ٹیسٹ بھی لیے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد علاج دوائیں تجویز کی جائیں گی فی الحال ڈاکٹرز نے چند احتیاطیں اور پرہیز کرنے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹرعاصم جو سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے ہیں کو چار سو باسٹھ ارب روپے کی کرپشن کے کیس کا سامنا ہے جس میں اختیارات کا ناجائز استعمال، غیر قانونی بھرتیاں اور پٹرل کے ٹھیکوں میں مبینہ کمیشن کی وصولی شامل ہیں۔