اپیکس کمیٹی اجلاس،ڈی جی رینجرز نے کراچی آپریشن کی تفصیلات پیش کیں

کوٹہ سسٹم میرٹ کی توہین ہے،میجر جنرل بلال اکبر

بدھ 31 اگست 2016 19:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 اگست ۔2016ء) اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ نے سندھ میں کوٹہ سسٹم کی مخالفت کردی ، میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کوٹہ سسٹم میرٹ کی توہین ہے، رینجرز کی جانب سے کراچی آپریشن کی تفصیلات بھی اپیکس کمیٹی میں پیش کی گئیں۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں کورکمانڈر کراچی ، آئی جی سندھ ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ڈی جی رینجرز نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں کوٹہ سسٹم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرٹ کی توہین ہے اس کے باعث سندھ کے نوجوانوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلا ل اکبر نے کراچی میں رینجرر کے جانب سے کئے گئے آپریشن کی تفصیلات پیش کیں ، جس میں بتایا گیا کہ چار ستمبر2013سے اب تک848 ٹارگٹ کلرز کو ٹارگٹڈ آپریشنز کے زریعے گرفتار کیا گیا ملزموں نے دوران تفتیش 5 ہزار 863 ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا، گرفتار ملزمان میں 95 کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں کے 99 ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ،کالعدم تنظیموں کے ملزموں نے ٹارگٹ کلنگ کی 557 وارداتوں کا اعتراف کیا ، ڈی جی رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز میں سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے ملزمان کی تعداد سب سے زیادہ 654ہے۔