Live Updates

پاکستان عوامی تحریک کا3ستمبر کو پی ٹی آئی کی ریلی میں شرکت کااعلان

احتجاج کا مقصد شہداء ماڈل ٹاؤن کا قصاص اورپاناما کااحتساب کرنا ہے،کراچی میں پاکستان مخالف تقریرکا ڈرافٹ اسلام آباد میں تیار کیا گیا۔ ڈاکٹرطاہرالقادری کی جہانگیرترین کے ہمراہ پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 31 اگست 2016 18:57

پاکستان عوامی تحریک کا3ستمبر کو پی ٹی آئی کی ریلی میں شرکت کااعلان

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31اگست2016ء) :پاکستان عوامی تحریک نے 3ستمبر کو تحریک انصاف کی ریلی میں شریک ہونے کا اعلان کردیا ہے،احتجاج کا مقصد شہداء ماڈل ٹاؤن کا قصاص اور پاناما کا احتساب کرنا ہے،کراچی میں پاکستان مخالف تقریر کا ڈرافٹ اسلام آباد میں تیار کیا گیا۔عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے آج یہاں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک 3ستمبر کو تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ عوام باہر نکلیں اور ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے خون کے قطرے قطرے کا حساب لیں۔دہشتگردی کی نرسریاں اور پناگاہیں پنجاب میں ہیں۔آئین قانون اور جمہوریت کے ساتھ تماشا ہورہاہے۔

(جاری ہے)

طاہرالقادری نے کہا کہ کراچی میں پاکستان مخالف تقریر کا ڈرافٹ اسلام آباد میں تیار کیا گیا۔اس موقعہ پر تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا کہ مسلم لیگ(ق)سمیت تمام جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

کرپشن کیخلاف تحریک ختم نہیں ہونے دینگے۔پاناما لیکس کے ثبوت سامنے ہیں مگر حکمران بے حس بنے ہوئے ہیں۔دنیا دیکھے گی کہ 3ستمبر کو لاہور میں عوام کا سمندر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔حکمرانوں کا احتساب نہ ہوا تو عوام کی تقدیر نہیں بدلے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات