جامعات کے مابین باہمی تعاون کے فروغ سے تعلیمی معیار بہتراور سماجی شعبہ میں بھی نمایاں ترقی ہو گی،عشرت العباد

صوبہ میں صحت و تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،گورنر سندھ کا سینٹر فار کمیونیکیشن پروگرامز کی تقریب سے خطاب

بدھ 31 اگست 2016 18:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد خان نے کہا ہے کہ جامعات کے مابین باہمی تعاون کے فروغ سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہو گا بلکہ سماجی شعبہ میں بھی نمایاں ترقی ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو اور امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار کمیونیکیشن پروگرامز کے مابین تعلیم و صحت کے شعبوں میں تعاون کے ضمن میں دی جانے والی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مشیر برائے اعلیٰ تعلیم سید وجاہت علی، سیکریٹری گورنر سندھ محمد اختر غوری ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نو شاد شیخ بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں صحت و تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ کی کامیابی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ عوام تک بیماریوں ،ان سے بچاؤ اور علاج کے بارے میں موئثر آگاہی کا نہ ہونا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی جانب سے لاپرواہی اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی روش صرف عوام کو اس ضمن میں بھرپور طریقے سے آگاہی دے کر ختم کی جاسکتی ہے کیونکہ خواندگی کی کم شرح کے باعث خصوصاً دیہی علاقوں میں رہنے والے عوام کی اکثریت آگاہی پروگراموں سے موئثر طریقہ سے فائدہ نہیں اٹھا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے مسائل کے بارے میں عوام کو ان کی دہلیز پر جاکر آگاہی دینے سے صوبہ کے طبی مسائل کو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں موئثر کمیونیکیشن اشد ضروری ہے اور وفاقی سطح پر اس ضمن میں ہیلتھ سروسز اکیڈ می نمایاں کردار ادا کررہی ہے جسے صوبائی سطح پرلیا قت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے تعاون سے متعارف کرایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے ماہرین تیار کرنے سے صوبہ کے صحت عامہ کے مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں اقدامات کئے گئے ہیں اور ماسٹر ٹرینرکی تیاری کا منصوبہ بھی ان اقداما ت میں شامل ہے ۔اس موقع پر لمس کے وائس چانسلر پروفیسر نوشاد شیخ نے کہا کہ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تعاون سے لمس میں شروع کیا جانے والا ہیلتھ کمیونیکیشن پروگرام اس شعبہ میں موجود خلاء کو پر کرنے میں بہت مدد گار ثابت ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ دونوں جامعات کے مابین فیکلٹی کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیق کے ذریعہ اس شعبہ کو تیز رفتاری سے ترقی بھی دی جاسکے گی ۔صوبائی کو آر ڈینیٹر برائے اوور سائٹ اور کو آرڈینیشن سیل پبلک ہیلتھ پر وگرامز شہناز وزیر علی نے کہا کہ پاکستان میں اس شعبہ کی اہمیت کو محسوس کیا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سماجی رویوں کے بارے میں کمیونیکیشن کو صحت عامہ سے متعلق پروگراموں کا حصہ بنایا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر پروفیسر نو شاد شیخ اور سینٹر فار کمیونیکیشنز پروگرامز جان ہاپکنز یونیورسٹی کے چیف آف پارٹی ڈاکٹر شعیب خان نے گورنر سندھ کو دونوں جامعات کے مابین تعاون کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :