پنجاب میں مخصوص نشستوں پر ضمنی الیکشن عارضی طور پر ملتوی

ہائی کورٹ کے فیصلے بعد شیڈو ل جاری کر دیا جائیگا،الیکشن کمیشن

بدھ 31 اگست 2016 18:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 اگست ۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں مخصوص نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات عارضی طور پر ملتوی کر دئیے ہیں ،ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا شیدول جاری کرنے کا فیصلہ تحریری طور پر موصول کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب میں مخصوص نشستوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکشن کو معطل کرنے اور نیا شیڈول جاری کرنے کے فیصلے کے بعدابتک الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تحریری فیصلہ موصول نہیں ہوا ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب میں مخصوص نشستوں پر انتخابات کے حوالے سے یکم ،دو اور تین ستمبر کی تاریخیں مقرر کی گئی تھی تاہم ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب میں مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کو عارضی طور پر ملتوی کیا جاتا ہے اور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول ہونے کے بعد اس سلسلے میں فیصلہ کیا جائے گا۔