مرحوم شاعر مشرق علامہ اقبال کے شیدائی، اقبالیات اور تحریک پاکستان پر دسترس رکھتے تھے ‘اعجازہاشمی

مرحوم کی اتحا د بین المسلمین کے حوالے سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘ مرکزی صدر جمعیت علماء پاکستان

بدھ 31 اگست 2016 18:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی اور سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے جے یو پی کے تھنک ٹینک کے رکن علامہ احمد علی قصوری کے انتقال پر گہر ے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی اتحا د بین المسلمین کے حوالے سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اپنے تعزیتی پیغام میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ احمد علی قصوری اچھے مقرر، طالب علم رہنما، جمعیت علما پاکستان کے بنیادی رکن اور ممتاز لیڈر تھے۔انہوں نے قائد اہل سنت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی مرحوم کے ساتھ تحریک نظام مصطفی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ وہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی رکھتے تھے۔ تمام مکاتب فکر کی محافل میں اہل سنت کی نمائندگی کرکے علامہ احمد علی قصوری نے اتحا د بین المسلمین کو پروان چڑھایا اور بتایا کہ تمام اسلامی مکاتب فکر کے درمیان مشترکات زیادہ ہیں، جن پر عمل کرکے ہم عالم اسلام کے اتحاد کو مضبوط بنا کر کفرو شرک کے نعروں سے بچ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ یقین رکھتے تھے کہ فرقہ واریت بیرونی قوتوں کی پیدا کردہ ہے، جس کے لئے باقاعدہ فنڈنگ کی گئی اور مسلمانوں کے درمیان فروعی اختلافات کو ہوا دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ احمد علی قصوری شاعر مشرق علامہ اقبال کے شیدائی اور سچے عاشق تھے ، وہ اقبالیات اور تحریک پاکستان پر دسترس رکھتے تھے۔