اے این ایف نے ساڑھے 7ارب روپے مالیت کی 1.43ٹن منشیات برآمدکرلی

15 کارروائیوں کے دوران ایک غیر ملکی سمیت 14 ملزمان گرفتار، 5گاڑیاں ضبط

بدھ 31 اگست 2016 18:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) اے این ایف نے 15 ملک گیر کاروائیوں کے دوران ساڑھے 7ارب مالیت کی 1.43ٹن منشیات برآمد کر لی۔ برآمد شدہ منشیات میں 1.09ٹن ہیروئن، 313.6 کلوگرام چرس اور 29.6 کلوگرام افیون شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران ایک غیر ملکی سمیت 14ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا ،جبکہ 5 گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔ یہ کاروائیاں اسلام آباد، اٹک، لاہور، فیصل آباد، پشاور، حیدر آباد،کراچی ، کوئٹہ اور پشین کے علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔

اے این ایف کوئٹہ نے پشین کے علاقے میں اطلاعات پر مبنی ایک بڑی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے 1.089 ٹن ہیروئن قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق،یہ منشیات ضلع پشین کی تحصیل بارشور کے علاقے کلی کمالومیں واقع ایک غیرآبادمقام پر چھپائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق،یہ منشیات کی یہ کھیپ کسی دیگر گروہ کے حوالے کئے جانے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی، اور بعد ازاں کسی نا معلوم منزل کی طرف روانہ کی جانی تھی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ میں واقع قمبرانی روڈ پر واقع کیچی بیگٹ کے قریب سے ایک لاوارث مہران کار کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 20کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف راولپنڈی ائیرپورٹ ٹیم نے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز نمبر PK-276 سے جدہ روانہ ہونے والے مردان کے رہائشی شاہزیب نامی مسافر کو حراست میں لے کر اس کے پاس موجود ہا ٹ پاٹ میں چھپائی گئی 1.01کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اقبال شہید ٹول پلازہ ، جی ٹی روڈ، اٹک سے ایک موٹر سائیکل سوار کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2کلوگرام افیون اور 3کلوگرام چرس برآمد کر لی، جبکہ اے این ایف راولپنڈی کی جانب سے عمل میں لائی جانیوالی تیسری کاروائی کے دوران اٹک شہر میں واقع ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے قریب سے موٹر سائیکل پر سوار ایک مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر لیا گیا، جسکے قبضے سے 1کلوگرام چرس برآمدہوئی۔

اے این ایف لاہور نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے رحیم یار خان شہر میں خانپور روڈ پر واقع ٹوٹل پٹرول پمپ کے قریب سے ایک ٹویوٹا ایکس ایل آئی کار کو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 27.6 کلوگرام افیون برآمد کر لی۔دوران کاروائی، ننکانہ صاحب کے رہائشی منظور احمد اور ساجد علی نامی دو ملزمان کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور ائیرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، لاہورکاروائی کرتے ہوئے پرواز نمبر EK-625 کے ذریعے نائیجیریا روانہ ہونے والے چارلس اوبیکی نامی نائیجیرین باشندے کو گرفتار کیا، جس نے دوران پوچھ گچھ پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور ائیرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر قطر ائیرلائن کی پرواز نمبر QR-621سے اٹلی روانہ ہونے والے گجرات کے رہائشی معروف حسین نامی مسافر کو حراست میں لے کر اس کے سامان میں چھپائی گئی 3 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہو ر نے لاہور میں واقع ایک کورئیر سروس کے دفتر سے کینیڈا روانہ کیا جانے والا ایک عددپارسل قبضے میں لے کر اس میں موجود زنانہ پرسوں میں چھپائی گئی 780گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے لاہور میں واقع ایک کورئیر سروس کمپنی کے دفتر سے کینیڈا روانہ کیا جانے والا جیکٹوں کا ایک پارسل قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 510 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے موٹروے ٹول پلازہ ، فیصل آباد کے قریب سے ایک مسافر بس میں سفر کرنے والے درہ آدم خیل کے رہائشی محمد رفیق نامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 500گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور ائیر پورٹ ٹیم نے پشاور ائیرپورٹ سے شاہین ائیر لائن کی پرواز نمبر NL-786 سے دبئی روانہ ہونے والے کوہاٹ کے رہائشی لقمان خان نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے پاس موجود کھانے کے ڈبے میں چھپائی گئی 140 گرام چرس برآمد کر لی۔

ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں ابوبکر نامی کوہاٹ کے رہائشی مرکزی ملزم کو بھی کوہاٹ بس اسٹینڈ ، کوہاٹ روڈ ،پشاور سے گرفتار کر لیا گیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے مین موٹر وے ٹول پلازہ ، پشاور کے قریب سے ایک مسافر بس میں سوار خیبرا یجنسی کے رہائشی زرباز خان نامی ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف کراچی نے خفیہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے کراچی ٹول پلازہ ، سپر ہائی وے، کراچی پر ایک مسافر بس کو قبضے میں لے کر اس میں خصوصی طور پر بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 285.6 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔دوران کاروائی، مردان کے رہائشی یار محمد اور سوات کے رہائشی محمد افضل نامی ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کاروائی کے دوران،اے این ایف کراچی نے راجپوتانہ ہسپتال ، حیدر آباد کے قریب سے اﷲ بخش نامی ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1.1 کلوگرام چرس اور 50 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ملزم مقامی سطح پر منشیات کی فروخت میں ملوث تھا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں ، اورمزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :