لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمہ کی ملزمہ کی درخواست ضمانت پر پولیس سے ریکارڈ طلب کرلیا

بدھ 31 اگست 2016 17:38

لاہور۔31 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 اگست ۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل عبیرہ کے قتل کے مقدمہ کی ملزمہ عظمی کی درخواست ضمانت پر پولیس سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔عدالت نے سی سی پی او کو ایس ایچ او کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے عظمی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس میں ملزمہ نے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی، سماعت کے دوران عظمی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ میں تیس سے زائد گواہوں کے بیان ریکارڈ ہونے ہیں لیکن گواہوں کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے مقدمہ التوا ء کا شکار ہے۔

ملزمہ کے وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ مقدمہ میں تاخیر کی وجہ سے ملزم کی ضمانت پر رہائی اس کا حق ہے اس لیے مقدمہ میں تاخیر کی وجہ سے عظمی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر ایس ایچ او شیر ا کوٹ کے پیش نہ ہونے کا سخت نوٹس لیا اور سی سی پی او کو ایس ایچ او کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔