دریائے جہلم پر 720 میگاواٹ کے کیروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ، کام کا جلد آغاز ہوگا، ایک ارب 60 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی ، منصوبہ 30 سال کیلئے بناؤ، چلاؤ اور منتقل کرو کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا

بدھ 31 اگست 2016 17:36

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 اگست ۔2016ء) دریائے جہلم پر 720 میگاواٹ کے کیروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے تمام تر انتظامات کر لئے گئے ہیں، منصوبہ پر کام کا جلد آغاز ہوگا، اس منصوبہ پر ایک ارب 60 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی اور یہ رقم چینی سلک روڈ فنڈ کے تحت فراہم کی جائے گی، ایگزم بینک آف چائنہ اور چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کیروٹ پاور کمپنی کو قرضے جاری کریں گے جو کہ چین کی تھری گارجز کارپوریشن کی ذیلی کمپنی ہے، یہ منصوبہ 30 سال کیلئے بناؤ، چلاؤ اور منتقل کرو کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا جس کے بعد اسے حکومت پاکستان کے حوالہ کر دیا جائے گا۔

وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق منصوبہ کیلئے قرضہ رعایتی بنیادوں پر ہو گا۔ منصوبے کی تفصیلات کے واٹر یوز چارجز کا 50، 50 فیصد حصہ 30 سال کیلئے آزاد کشمیر اور پنجاب کی حکومتوں کو ملے گا۔

(جاری ہے)

30 سال کے بعد یہ منصوبہ مکمل طور پر حکومت پنجاب کے حوالہ کر دیا جائے گا جو واٹر یوز چارجز کا 100 فیصد آزاد کشمیر حکومت کو ادا کرے گی۔ یہ منصوبہ دریائے جہلم پر کیروٹ ہولاڑ کے مقام پر بنایا جائے گا۔

یہ منصوبہ 46 ارب ڈالر کی چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے اور توقع ہے کہ یہ 2020ء میں مکمل ہو گا۔ منصوبہ سے سالانہ 3436 گیگا آور بجلی پیدا ہو گی جسے نیشنل گرڈ میں شامل کیا جائے گا۔ منصوبہ کی اونچائی 313 فٹ اور اس کی لمبائی 1510 فٹ ہو گی جبکہ پانی ذخیرہ کرنے گنجائش ایک لاکھ 23 ہزار ایکڑ فٹ ہو گی۔ کیروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں 119 میگاواٹ کی چار ٹربائنیں نصب کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :