پاکستان علاقائی اور بین الا قوامی فورمز پر چین کی حمایت پر بھر پور اعتماد کرتا ہے،سردار ایاز صادق

بین الاقوامی برداری دونوں ممالک کے درمیان پائے جانیوالے دوستانہ تعلقات کا کوئی متوازی پیش نہیں کرسکی،سپیکر قومی اسمبلی کی چینی سفیر سے گفتگو

بدھ 31 اگست 2016 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور بین الا قوامی فورمز پر چین کی حمایت پربھر پور اعتماد کرتا ہے اور پاکستان میں حقیقی معاشی تر قی کے لیے چین کے تعاون اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔دونوں اقوام کے مابین بردرانہ تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ بین الاقوامی برداری دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے دوستانہ تعلقات کا کوئی متوازی پیش نہیں کرسکی ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں چین کے سفیر Mr. Sun Weidong سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی ۔ملا قات میں باہمی مفادات اور خطے میں امن امان کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سر دارایاز صادق نے کہا کہ پاک چین دوستی جغرافیائی، معاشی، تاریخی اور اسٹر ٹیجک مفادات کی مضبوط بنیادوں پر استوارہے اور ہمیشہ ہر آزمائش میں پوری ا تری ہے۔

انہوں نے علاقائی اور عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کو ناگزیر قرار دیا ۔انہوں نے باہمی تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے عوامی رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک -چین اقتصادی راہداریCPEC) (کے منصوبے کی تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور پاک -چین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔

انہوں نے پاکستان کی پارلیمنٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں چین کے تعاون کو سر اہا ۔سر دار ایاز صادق نے پائیدار تر قی کے اہداف اور حقیقی اقتصادی تر قی کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے مابین شر اکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار اور پاکستان کی صنعت کی پیداوار اور استعداد کار میں اضافے کے لیے چین کے تعاون کا خواہش مند ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ CPEC منصوبہ پاک- چین تجارتی تعلقات کو نئی قوت بخشے گا۔چین کے سفیر Mr. Sun Weidong نے سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کے خیالات کی تو ثیق کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پاک- چین دوستی تعلقات کی کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ پائیدار شر اکت داری کے لیے پر عزم ہے اور باہمی تعلقات کومزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین ٹیکنالوجی ،دفاع اور بنیادی ڈھانچے کی تر قی کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ خطے کے اسٹر ٹیجک اعادہ شمار اور امن امان کی صوتحال نے دونوں ممالک کو مزید قریب لا کھڑا کیا ہے ۔