وفاقی کابینہ کااجلاس ٗ 29اگست 2016ء کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی گئی

وزیر خزانہ کا رواں ماہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتیں برقراررکھنے کا اعلان نان فائلرز کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس کی کم شرح کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کردی گئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ کے ساتھ ساتھ 15 روزہ بنیادوں پر کرنے کے نظام کی منظوری دی گئی ہے ٗ اوگرا وزارت پٹرولیم کے ذریعے قیمتوں کے حوالے سے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرے گا جو وزارت خزانہ منظوری کیلئے وزیراعظم کو پیش کرے گی ٗپاکستان کمیشن آف انکوائری بل 2016ء، 2 ستمبر کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ٗ میڈیا کو بریفنگ

بدھ 31 اگست 2016 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) وفاقی کابینہ نے ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت بارے 14ستمبر 2016ء کو پیرس میں او ای سی ڈی کے تحت کثیرالطرفہ کنونشن پر دستخط کرنے اور ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2016ء اور پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے تعین کی منظوری دیتے ہوئے 29اگست 2016ء کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے رواں ماہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتیں برقراررکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ کے ساتھ ساتھ 15 روزہ بنیادوں پر کرنے کے نظام کی منظوری دی گئی ہے ٗ اوگرا وزارت پٹرولیم کے ذریعے قیمتوں کے حوالے سے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرے گا جو وزارت خزانہ منظوری کیلئے وزیراعظم کو پیش کرے گی ٗپاکستان کمیشن آف انکوائری بل 2016ء، 2 ستمبر کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو وفاقی کابینہ کااجلاس وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت بارے 14ستمبر 2016ء کو پیرس میں او ای سی ڈی کے تحت کثیرالطرفہ کنونشن پر دستخط کرنے اور ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2016ء اور پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے تعین کی منظوری دی گئی ۔اجلاس کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ کابینہ نے وزیراعظم کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے پروگرام، دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالے سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے پاکستان اور چین کے درمیان معاہدے پر دستخط کیلئے تیسرے پروٹوکول اور ابتدائی مسودے پر دستخط کی بھی منظوری دی ہے۔

آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالے سے دوہرے ٹیکس سے گریز کیلئے پاکستان اورسوئٹزرلینڈ کے درمیان کنونشن پر نظرثانی اور ابتدائی مسودے پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2016ء اور پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے تعین کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ری سٹرکچرنگ کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے 13دسمبر 2013ء اور جولائی 2014ء کو منعقدہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 26نومبر، 9دسمبر اور 12دسمبر 2014ء کو منعقدہ اجلاسوں میں اس کے فیصلوں کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ کابینہ نے 10اگست، 11اگست ، 17ستمبر اور 2اکتوبر 2015ء کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

کابینہ کے اجلاس میں کئے جانے والے دیگر فیصلوں میں ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت، سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کی شق 2کی ذیلی شق (22اے) کے تحت نوٹیفکیشن اور انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے بارے میں شق 236پی کے تحت نان فائلرز کے لئے کم کردہ ودہولڈنگ ٹیکس شرح کی تاریخ میں 31دسمبر 2016ء تک توسیع شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے 14ستمبر 2016ء کو پیرس میں او ای سی ڈی سیکرٹریٹ میں ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت کے بارے میں کثیرالطرفہ کنونشن پر بھی دستخط کی منظوری اور 29اگست 2016ء کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کمیشن آف انکوائری بل 2016ء، 2 ستمبر کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ یہ بل تحقیقاتی کمیشن کو بااختیار بنانے کیلئے لایا جا رہاہے۔ اس سلسلے میں اپوزیشن کی جانب سے تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے گزشتہ 5 ماہ سے پٹرولیم کی قیمتیں مستحکم رکھی ہیں، وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں پچھلے دو ماہ کے دوران 10 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب اور مستحق طبقات کو مہلک امراض سے بچاؤ کیلئے صحت کے پروگرام پر متعلقہ وزارت کو عملدرآمد تیز کرنے اور اس کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نان فائلرز کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس کے 0.4 فیصد کی شرح سے نفاذ کی مدت 31 دسمبر تک بڑھائی گئی ہے۔ اسی طرح پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری اور جنرل ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ایف بی آر 2015ء کی ٹیکس ڈائریکٹریز جاری کرے گا اس پر دو تین ہفتوں میں کام مکمل ہو جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دو طرفہ معاہدے کی اجازت دیدی ہے اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے اپنے طور پر کام کیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کی جانب سے شرائط عائد کی گئی تھیں تاہم ہماری ٹیم کی کوششوں سے اس جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ہم نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اب سوئس حکام نے اپنے ملکی قوانین کے مطابق ضابطے کی کارروائی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دو طرفہ معاہدے سے آرگنائزیشن آف اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (او ای سی ڈی) کا کثیر الجہتی معاہدہ بہت بہتر ہے اور ہم اس سلسلے میں کوششیں کر رہے ہیں۔

او ای سی ڈی نے پاکستان کو کنونشن کا ممبر بننے کی دعوت دی ہے اور اس سلسلے میں 14 ستمبر کو معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے،وفاقی کابینہ نے اس کی منظوری دیدی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت معلومات زیادہ آسان طریقے سے حاصل کی جا سکیں گی ایک اور سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ انکوائری کمیشن ایکٹ 1956ء کی جگہ پاکستان کمیشن آف انکوائری بل 2016ء تیار کیا گیا ہے جو بااختیار ہو گا، یہ ملک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 5 اور 10 روپے کے سکوں کی بھی خصوصی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 روپے کے نئے ڈیزائن کے 155 ملین سکے جبکہ 10 روپے کا سکہ بھی زیر عمل ہے اور اس وقت تک 10 ملین سکے تیار کئے جاچکے ہیں۔ ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ کے ساتھ ساتھ 15 روزہ بنیادوں پر کرنے کے نظام کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا وزارت پٹرولیم کے ذریعے قیمتوں کے حوالے سے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرے گا جو وزارت خزانہ منظوری کیلئے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پچھلے سارے فیصلوں کی مکمل فہرست توثیق کیلئے کابینہ میں پیش کی جائیگی۔