اسرائیلی فوج نے فدائی حملے میں سہولت کار فلسطینی اسیر کا مکان مسمار کر ڈالا

بدھ 31 اگست 2016 15:28

مقبوضہ غرب اردن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں دورا کے مقام پر واقع فلسطینی اسیر محمد عبد المجید ابریویش کا مکان مسمار کر ڈالا۔اسیر فلسطینی پر الزام ہے کہ اس نے چند ماہ قبل عتنائیل یہودی کالونی میں ہونیوالے فدائی حملے میں حملہ آور القسام کارکن محمد الفقیہ شہید کو کارروائی میں سہولت فراہم کی تھی۔

اسے فدائی حملے کے سہولت کار کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ اس حملے میں تین یہودی آباد کار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حملہ آور بھی شہید ہو گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے منگل کو الخلیل شہر کے دورا قصبے کا محاصرہ کیا۔ بعد ازاں قصبے کے شمال مشرق میں واقع غنیم کالونی میں موجود فلسطینی اسیر عبدالمجید کے مکان کو بلڈوزروں کی مدد سے گرا دیا گیا۔

(جاری ہے)

نامہ نگار کے مطابق مکان کی مسماری سے قبل اسرائیلی فوج کا ایک انجینئر گھر میں داخل ہوا اور وہاں پر موجود اہل خانہ کو فوری طور پرمکان خالی کرنے کا حکم دیا۔ صہیونی فوجی افسر نے اہل خانہ سے کہا کہ وہ گھر کو خالی کر دیں ورنہ اسے دھماکے سے اڑا دیا جائیگا۔اہل خانہ نے چار و ناچار گھر خالی کر دیا جس کے بعد قابض فوجیوں نے بلڈوزروں کی مدد سے مکان کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔

متعلقہ عنوان :