فاروق ستار کا وسیم اختر کو پیرول پر رہا کرنے کا مطالبہ

بدھ 31 اگست 2016 14:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے میئر کراچی وسیم اختر کو غیر معینہ مدت کیلئے پیرول پر رہا کرنے کا مطالبہ کردیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ وسیم اختر ماضی میں ان ہی کیسز میں ضمانت پر بھی رہے لہذا انہیں پیرول پر رہا کرنے کا راستہ آسان ہے جس میں ایک اسکواڈ ان کے ساتھ رہے جو انہیں سیکیورٹی بھی فراہم کرے۔

انھوں نے کہا کہ وسیم اختر کو گھر میں پیرول دیا جائے تاکہ وہ وہاں ایک دفتر بنا سکیں جہاں پر عملے کی بھی رسائی ہو۔وسیم اختر پر سانحہ 12 مئی سے متعلق مقدمات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ 12 مئی کے واقعات کو اب سیاست کی بھینٹ چڑھادیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ 2007 میں ہوا اور اس کے بعد ہم پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ بھی حکومت میں رہے اسی طرح اب 2013 کے انتخابات میں بھی ہم نے کامیابی حاصل کی تاہم اس طرح سے اچانک وسیم اختر کی گرفتاری سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ 12 مئی کو سیاسی عزائم کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

فاروق ستار نے کہاکہ اگر وسیم اختر پر کوئی الزام تھا تو اتنے عرصے کے بعد کیوں اس کا خیال آیا، انہیں تو اْسی وقت گرفتار کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہاکہ اگر ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کی جاتی اور اس معاملے کو سیاسی عزائم کے طور پر استعمال نہ کیا جاتا تو اب تک سانحہ 12 مئی کا کیس ختم ہوچکا ہوتا۔انھوں نے بعض حلقوں کی نظروں میں وسیم اختر کیلئے ناپسندیدگی کی وجہ بتائے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال قربانی کی کھالیں جب رینجرز کے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے تھے تو وسیم اختر نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انھوں نے ایک ایسی بات کہہ دی تھی جو کہ انھیں نہیں کہنی چاہیے تھی تاہم فاروق ستار نے کہا کہ اس بیان پر خود وسیم اختر نے بعد میں کہا تھا کہ یہ ایک نامناسب بیان تھا اور انہیں اس پر افسوس ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس بیان پر ہم نے ایک معافی نامہ بھی ارسال کیا تھا لیکن اسے قبول نہیں کیا گیا۔فاروق ستار نے کہا کہ بعد میں اس بیان پر مقدمہ بنا اور کہا گیا کہ اب عدالت میں آکر معافی مانگیں اور یہ معاملہ کورٹ میں اب تک آگے بڑھ نہیں سکا۔متحدہ رہنما نے کہا کہ وسیم اختر کی غیر موجودگی میں ڈپٹی میئر ارشد وہرہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کی ترقی کے لیے اگر وسائل نہ ملے تو عوام سے چندہ بھی مانگیں گے۔

متعلقہ عنوان :