ڈائر یکٹر امریکی سلامتی کونسل کرائٹن برنک کا عالمی مسائل کے حل میں بھرپورکردار ادا کرنے پر چین کو خراج تحسین

بدھ 31 اگست 2016 14:04

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء ) آئندہ چند روز میں امریکی صدر باراک او باما اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان چین میں ہونیوالی ملاقات کو عالمی سطح پر بڑی اہمیت دی جارہی ہے اور دنیا دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے نتائج کی منتظر ہے ۔ مبصرین کا خیال ہے کہ جنوبی بحیرہ چین کے تنازعے ،عالمی ثالثی ٹریبونل کے فیصلے اور جمہوریہ کوریا میں امریکہ کی طرف سے میزائل شکن دفاعی نظام کی تنصیب کے پس منظر میں اس ملاقات کے عالمی منظر نامے اور خطے کے ممالک پر خصوصی اثرات مرتب ہوں گے اسی لئے مبصرین ماضی قریب میں دونوں ملکوں کے درمیان ان معاملات پر دیئے گئے بیانات کی روشنی میں اس ملاقات کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں ۔

دریں اثنا ڈینئیل کرائٹن برنک نے کہا ہے کہ اوباما شی ملاقات اختلافات کی خلیج کم کرنے اور تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے ، دونوں رہنماء چین اور امریکہ کے درمیان اختلافات کم کرنے اور عملی تعاون میں اضافہ پر خصوصی توجہ دیں گے ،امریکی صدر چین میں ہونے والی جی20-کانفرنس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے ، امریکی صدر اس موقع پر پہلے کی طرح یہ بات واضح طورپر کہیں گے کہ امریکہ پر امن ، مستحکم ، خوشحال ، ابھرتے ہوئے چین کا خیر مقدم کرتا ہے جو کہ بین الاقوامی معاملات میں ایک ذمہ دار کھلاڑی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات امریکی قومی سلامتی کونسل کے ایشین امور کے سینئر ڈائریکٹر ڈینئیل کرائٹن برنک نے یہاں ایک پریس بریفنگ میں کہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر یہ بھی واضح کریں گے جب چین علاقائی مسائل حل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کرتا ہے تو اس سے امریکہ اور باقی دنیا کو فائدہ پہنچتا ہے ۔ ڈینئیل کرائٹن برنک نے اس موقع پر دونوں صدور کی گذشتہ برسوں کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ 2013ء میں پہلی غیر رسمی ملاقات سنی لینڈ اسٹیٹ کیلیفورنیا میں ہوئی تھی جبکہ بعد ازاں صدر اوباما نے2014ء میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا ، گذشتہ برس چینی صدر شی جن پنگ امریکہ کے دورے پر آئے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر ملاقاتوں کے سلسلے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ تعمیری اور نتیجہ خیز تعلقات قائم کرنا ہے ۔یاد رہے کہ امریکی صدر گیارہویں جی 20-کانفرنس میں جومشرقی چین کے شہر ہانگ ژو میں چارستمبر سے ہورہی ہے شرکت کیلئے چین پہنچ رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :