مصر نے فلسطینی عازمینِ حج کے لیے غزہ بارڈر کراسنگ کھول دی

بدھ 31 اگست 2016 12:19

مقبوضہ غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) مصر نے غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع رفح بارڈر کراسنگ کو تین دن کے لیے کھول دیا ہے لیکن صرف فلسطینی عازمین حج ہی اس سرحدی گذرگاہ کے ذریعے مصر کے علاقے میں داخل ہوسکیں گے اور پھر وہ وہاں سے حجاز مقدس کے سفر کے لیے روانہ ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رفح کراسنگ کے ڈائریکٹر ہشام عدوان نے ایک بیان میں بتایا کہ آیندہ دنوں میں قریباً ڈھائی ہزار افراد اس گذرگاہ کے ذریعے حج کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔

(جاری ہے)

رفح گذرگاہ غزہ کی پٹی میں محصور لاکھوں فلسطینیوں کے لیے بیرونی دنیا سے رابطے کا واحد ذریعہ ہے۔مصر نے سنہ 2013ء کے بعد سے اس کو زیادہ تر بند ہی رکھا ہے کیونکہ ملک کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد مصری حکومت اور حماس کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔قاہرہ حکومت نے حماس پر جزیرہ نما سیناء میں سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے جنگجووٴں کی حمایت کا الزام عاید کیا تھا لیکن حماس نے ایسے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔

متعلقہ عنوان :