جعلی کوہ پیما بھارتی جوڑے پر نیپالی حکومت نے پابندی عائد کر دی

بدھ 31 اگست 2016 12:14

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) نیپالی حکومت نے ایک بھارتی کوہ پیما جوڑے پر دس برس کی پابندی عائد کر دی ۔ اس جوڑے کے دعوے کے مطابق انہوں نے ماوٴنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔ یہ دعویٰ بعد میں غلط ثابت ہوا۔جس بھارتی جوڑے کو پابندی کا سامنا ہے، اْس کا نام دنیش راٹھوڑ اورتارکشوری راٹھوڑ ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے رواں برس تئیس مئی کو اپنی تصاویر کے ساتھ دعویٰ کیا تھا کہ وہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماوٴنٹ ایورسٹ کی بلندی کو چھونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بلندی پر پہنچ کر اپنی تصاویر بھی بنائیں اور انہیں عام کر دیا۔ اْس وقت راٹھوڑ جوڑے کے دعوے کی نیپالی حکام نے تصدیق کر دی تھی۔اِس جوڑے کے کوہ پیمائی کے بلند بانگ دعووں پر اْس وقت ماوٴنٹ ایورسٹ کی بلندی کو چھونے والے دوسرے کوہ پیماوٴں نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ غیر ملکی کوہ پیماوٴں کے ہمراہ جانے والے نیپالی پہاڑی علاقے کے سامان اٹھانے میں مدد کرنے والے کسرتی شارپا گائیڈز نے بھی نیپالی حکام کو بتایا تھا کہ بلندی کے سفر میں انہوں نے اِس جوڑے کو کہیں نہیں دیکھا۔

ان شکوک نے راٹھوڑ جوڑے کی منصوبہ بندی کا پول کھول دیا۔نیپالی حکومت نے پیشہ ور کوہ پیماوٴں کے شکوک و شبہات کے نتیجے میں بھارتی جوڑے کے دعوے کی تفتیش شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا۔ تفتیش مکمل کرنے کے بعد نیپالی محکمہ سیاحت کے سربراہ سدرشن پرشاد ڈہکال نے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔سینیئر نیپالی اہلکار نے کہا کہ تفتیش سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ بھارتی جوڑے نے ماوٴنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کہانی گھڑی تھی۔

ڈہکال کے مطابق دنیش راٹھوڑ اور تارکشوری راٹھوڑ سے بار بار وضاحت طلب کی گئی لیکن وہ اپنے دعوے کے حق میں مزید بات کرنے سے قاصر رہے۔اِس غلط بیانی اور جھوٹ بولنے پر اِس بھارتی جوڑے پر نیپالی حکومت نے دوبارہ کوہ پیمائی کرنے پر دس برس کی پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈہکال نے یہ بھی بتایا کہ اِس جوڑے نے کسی اور کوہ پیما کی تصاویر پر اپنی تصاویر کو ’سْپر امپوز‘ کر کے شائع کیا۔

اِن کی مدد کے لیے جانے والے دو مقامی شارپا مددگار بھی بغیر کسی اتے پتے کے غائب ہو چکے ہیں۔نیپالی محکمہ سیاحت کا کہنا تھا کہ اس بھارتی جوڑے پر پابندی سے دوسرے جعلی اور جھوٹے کوہ پیماوٴں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ رواں برس کے دوران ڈھائی سو غیر ملکیوں سمیت 456 کوہ پیما ماوٴنٹ ایورسٹ سر کرنے کے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :