چینی کارساز کمپنی بی وائی ڈی کو رواں سال کے پہلے 9ماہ میں91فیصدمنافع متوقع

پیر 29 اگست 2016 22:42

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) چینی موٹر ساز کمپنی بی وائی ڈی نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں کاروباری سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران اس کے خالص منافع میں اکانوے فیصد سے زیادہ اضافہ متوقع ہے۔ بی وائی ڈی نے حال ہی میں مکمل طور پر بجلی سے چلنے والے ٹرک بھی مارکیٹ میں متعارف کرائے ہیں۔ چینی کمپنی ماحول دوست گاڑیاں بنانے کے حوالے سے شہرت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو متعارف کرانے میں کمپنی کو بیجنگ انوائرنمنٹل سینی ٹیشن انجینئرنگ گروپ کا تعاون حاصل ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے۔ بی وائی ڈی کا کہنا ہے کہ 2016 ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران اس کا خالص منافع2.3 ارب یوآن رہا جو 2015 ء کے اسی عرصے کی نسبت 384 فیصد زیادہ ہے جبکہ کمپنی ماہرین نے 450 فیصد تک اضافے کی پیشگوئی کی تھی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ تیسری سہ ماہی کو شامل کرتے ہوئے اس کا خالص منافع تین اعشاریہ چھ ارب یوآن (تقریباً ساڑھے پانچ سو ملین ڈالر) سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ماحول دوست کاریں اور بیٹریاں بنانے والی اس کمپنی کا کہنا ہے کہ 2015 کی تیسری سہ ماہی سے وہ مسلسل ٹرپل ڈیجٹ منافع کما رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :