افغانستان کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں اور جھڑپوں میں 86 طالبان سمیت 118 افراد ہلاک

پیر 29 اگست 2016 20:25

کابل۔ 29 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اگست ۔2016ء) افغانستان کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں اور جھڑپوں میں 86 طالبان سمیت 118 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز صوبہ کے ضلع چھپرہار میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی اور زمینی کارروائی کی جس کے نتیجہ میں 76 طالبان جنگجو ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔

ترجمان گورنر صوبہ ننگرہار عطاء اللہ خوبیانی کے مطابق کارروائیوں کے دوران طالبان سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا ہے۔ دوسری جانب طالبان کے ایک ترجمان نے افغان میڈیا کو بتایا کہ لڑائی میں ان کے پانچ ساتھی ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپن جماعت کے مقام پر ہونے والی جھڑپ میں بیس غیرملکی اور مقامی فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں ایک جھڑپ میں دو سکیورٹی اہلکار اور دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ یہ جھڑپ دولت آباد کے علاقے میں ہوئی ۔ رپورٹس کے مطابق ہرات میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں تین عسکریت پسند اور دو شہری ہلاک ہوگئے۔ دھماکہ شیڈڈ کے مقام پر ہوا‘ صوبہ غور میں ایک بم دھماکہ میں تین شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ صوبہ پروان میں سکیورٹی فورسز کے ایک فضائی حملہ میں آٹھ طالبان کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا ہے۔ صوبائی گورنر کے مطابق بمباری میں دو مغوی بھی ہلاک ہوگئے ہیں جو طالبان کی تحویل میں تھے۔

متعلقہ عنوان :