اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنائیں گے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد کی خوبصورتی ‘ سہولیات کی فراہمی اور ماحول کی بہتری کے لئے 5 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پیر 29 اگست 2016 15:22

اسلام آباد ۔ 29 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اگست۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد دنیا کے خوبصورت دارالحکومتوں میں سے ایک ہے اسے ماڈل سٹی بنائیں گے۔ بچوں میں ماحولیاتی آگاہی پیدا کرنے کیلئے اسے نصاب کا حصہ بنائیں گے۔وہ پیر کو سید پور گاؤں میں سی ڈی اے کے زیراہتمام شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وزیر مملکت نے سید پور گاؤں میں پودا لگا کر موسم برسات شجر کاری مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات و فنانس ثناء اللہ امان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ماحولیات محمد عرفان سمیت سی ڈی اے کے دیگر افسران سمیت شعبہ ماحولیات کے دیگر حکام اور اسلام آباد کے سکولوں کے بچوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ موسم برسات شجرکاری مہم کے دوران اسلام آباد میں تین لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد کی خوبصورتی ‘ سہولیات کی فراہمی اور ماحولیات کی بہتری کے لئے 5 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں سے ایک ہے اسے سرسبز ‘ شاداب ‘ خوبصورت اور ماڈل سٹی بنائیں گے۔