یمن کے شہر عدن میں فوجی بھرتی مرکز میں خودکش حملہ، 50رنگروٹ ہلاک، متعدد زخمی ،ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

پیر 29 اگست 2016 14:27

عدن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) یمن کے شہر عدن میں فوجی بھرتی مرکز کے باہرخودکش حملے میں 50رنگروٹ ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ،ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی یمن کے سیکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ عدن شہر میں فوجی بھرتی مرکز کے باہر ہونے والے خودکش حملے میں 50 رنگروٹ ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری اپنی گاڑی فوج میں شمولیت کے خواہش مند افراد کی قطار پر چڑھا دی۔ فوجی بھرتی دفتر شمالی ساحلی شہر کے ایک سکول کے قریب واقع تھا، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ایمبولینس اور ہنگامی امدادی اداروں کی گاڑیاں جائے حادثہ سے ہلاک اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔