آئین وقانون کی بالادستی اورانصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کاکردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔کمشنر

ہفتہ 27 اگست 2016 22:39

فیصل آباد ۔27 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء )ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ آئین وقانون کی بالادستی برقرار رکھنے اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی کے اقدامات میں وکلاء برادری کاکلیدی کردارنمایاں حیثیت کا حامل ہے جنہوں نے جمہوریت کی بحالی واستحکام کی کوششوں میں بھی ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے دورہ کے دوران عہدیداروں اوراراکین سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مہر شفقت اللہ مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر صدربارایسوسی ایشن قیصر نذیرساہی،سیکرٹری اظہرحنیف خاں،ممبر پنجاب بارکونسل چنگیز خاں کاکڑ اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے فیصل آباد بار کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سول سوسائٹی میں بارایسوسی ایشنزکوقابل قدرمقام حاصل ہے جو مختلف سماجی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے ادارہ جاتی صف اول میں رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف اور اعلیٰ نظم ونسق کو برقرار رکھنے کے لئے ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اوربارایسوسی ایشنز کے مضبوط باہمی روابط ناگزیر ہیں لہذا دوطرفہ رابطے کومزید بڑھایا جائے گا۔انہوں نے فیصل آبادڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین میڈیکل سروسز کے لئے کی گئی اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کی سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں اور کرپشن کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔

کمشنر نے بار ایسوسی ایشن کوسیکورٹی سمیت دیگر درپیش مسائل کے حل کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ ضلع کچہری میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر کی تجویز کاجائزہ لے کر مناسب منصوبہ بندی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے دیرینہ اورسنگین مسئلہ کو حل کرنے کے لئے جامع سٹڈی کرائی جارہی ہے جس کے لئے آٹھوں بازاروں میں مختلف اوقات کے دوران گاڑیوں کی پارکنگ کی تعداد کاجائزہ لیکر منصوبے تیار کئے جائیں گے۔صدر بار ایسوسی ایشن قیصر نذیر ساہی اوردیگر نے ڈویژنل کمشنر مومن آغا کاخیر مقدم کرتے ہوئے دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اوراپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے گاڑیوں کی پارکنگ سمیت فیصل آباد کے بعض مسائل سے آگاہ کیا۔