عوام کو صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، ڈی سی او

ہفتہ 27 اگست 2016 22:37

سیالکوٹ ۔27اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء) عوام الناس کو صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گا ۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر آصف طفیل نے گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے دورہ کے دوران کہی ۔ پرنسپل خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ ڈاکٹر ظفر علی چودھری ، ایم ایس ڈاکٹر خالد فیض بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔

ڈی سی او نے ٹراما سنٹر ، میڈیکل وارڈز اور او پی ڈی کا دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ڈی سی او نے اس موقع پر ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی بھی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہسپتالوں میں مریضوں کو تمام طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو سمیت تمام دیہی و بنیادی مراکز صحت کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔

بعد ازاں ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے ماحول کو خشک اور صاف رکھنا ہوگا تاکہ ڈینگی مچھروں کو افزائش کا موقع نہ ملے ۔ انہوں نے محکمہ صحت ، ماحولیات ، تعلیم اور ٹی ایم ایز کے مقامی حکام کو تلقین کی وہ اپنے دفاتر ، قبرستانوں، کباڑ خانوں ، ٹائر شاپس، نرسریوں ، کارخانوں، سروس اسٹیشن ، لاری اڈوں اور پارکوں کی صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں اور شہریوں میں ڈینگی کے تدارک کے بارے میں شعور اجاگر کریں ۔

ڈی سی او نے اس موقع پر موجود محکمہ لائیو سٹاک کے مقامی کو تلقین کی کہ وہ عیدا لاضحی پر شہر میں لائے جانے والے جانوروں پر کانگو وائرس کا سپرے اور ان جانوروں کی ویکسی نیشن کرنے کیلئے ضلع سیالکوٹ کے تمام داخلی راستوں پر ویٹرنری میڈیکل کیمپ قائم کریں اور راستے میں ہی ویکسی نیشن کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :