سانحہ کوئٹہ پر خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کو صدمہ پہنچا ہے، مظفر سید ایڈووکیٹ

مصیبت کی ہر گھڑی میں بلوچ بھائیوں ،حکومت کیساتھ ہیں ،دہشت گردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے، وزیر خزانہ کے پی کے

ہفتہ 27 اگست 2016 22:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ کوئٹہ خودکش دھماکہ پر خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کو یکساں صدمہ پہنچا ہے مصیبت کی ہر گھڑی میں ہم بلوچ بھائیوں اور حکومت کے ساتھ ہیں دہشت گردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے کیونکہ پوری دنیا جان چکی ہے کہ ملک و قوم دشمن قوتیں یہاں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہی ہیں جنہیں پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی بالخصوص وہ سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے درپے ہیں جو ہماری قومی خوشحالی کا عظیم منصوبہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی کے سپیکر حاجی اسد قیصر کی سربراہی میں بار کونسل کے وکلاء اور صحافیوں کے ہمراہ سانحہ کوئٹہ پر اظہار تعزیت کے دورہ بلوچستان کے موقع پر بلوچستان کے گورنر ، وزیر اعلیٰ، ہائی کورٹ بار کونسل کے وکلاء متاثرین کے ورثاء اور پریس کلب کوئٹہ کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں حاضر سروس بھارتی نیوی آفیسر اور راء کے ایجنٹ کی گرفتاری اور اقرار جرم سے واضح ہے کہ پاکستان میں گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری دہشت گردی کے تانے بانے ہمسایہ ملک بھارت سے جا ملتے ہیں جس نے ہم پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی ہے اور خیبر پختونخواہ کے عوام سب سے زیادہ اور پہلے شکار بنے۔

پاکستان کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ساتھ یہاں کے عوام اور پولیس نے جان و مال کی لازوال قربانیاں دی ہیں۔ آج دشمن نے بلوچستان کو نشانہ بنایا ہے تاہم مشکل کے ان لمحات میں بلوچ عوام اکیلے نہیں بلکہ پوری قوم انکی پشت پر ہے مظفر سید ایڈوکیٹ وفد کے ہمراہ بلوچ حکومت کے زعماء کے علاوہ شہید وکلاء اور صحافیوں کے گھروں پر بھی گئے اور انکے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :