یورپ میں لوگ قرآن کی طرف رجوع کر رہے ہیں ،مستقبل اسلام کا ہے‘ راشد نسیم

2050 تک امریکہ اور یورپ میں مسلمانوں کی تعداد دیگرمذاہب کے پیروکاروں کے مقابلے میں بڑھ جائے گی

ہفتہ 27 اگست 2016 21:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ مستقبل اسلام کا ہے ،2050 تک امریکہ اور یورپ میں مسلمانوں کی تعداد دیگرمذاہب کے پیروکاروں کے مقابلے میں بڑھ جائے گی ،اسلام ایک بار پھر ضرور غالب آئے گا۔ان خیالا ت کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے 76 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ راولپنڈی میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے امیر جما عت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی ٗ نائب امیر سید عزیر حامد ٗ مولانا سمیع الحق چترالی ٗ محمد عثمان آکاش اور ڈاکٹر کرنل منیرنے بھی اظہار خیال کیا ۔ راشد نسیم نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ سیکولرازم اور لبرل ازم کا ہر طرف چرچا ہے ۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل دین سے دور ہوتی جا رہی ہے ، لیکن اعدادو شمار اور زمینی حقائق اس سے بالکل مختلف ہیں ۔

2016 کے رمضان المبارک میں دنیا بھر کی مساجدمیں تل دھرنے کی جگہ نہیں رہی تھی۔ نمازیوں اور حفاظ کرام میں دن بدن تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ایک سروے کے مطابق یورپ میں چرچوں کی تعداد گھٹ رہی ہے ٗ جبکہ مساجد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ملکوں میں اکثریت نوجوانوں کی ہے جبکہ امریکا اور یورپ میں بوڑھوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔

یورپ میں لوگ قرآن کی طرف رجوع کر رہے ہیں ۔ہمارے لئے یہ بات بڑی خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور دیگر خرابیوں میں یورپ اور امریکا سے پڑھ کر آنے والے لوگ زیادہ ملوث پائے گئے ہیں ۔ علماء کرام اور دینی جماعتوں کے افراد کا دامن ان خرابیوں سے بالعموم پاک صاف ہی رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دوسری جماعتوں سے مختلف جماعت ہے ۔

اس کا مقصد اور کام صرف انتخابات میں کامیابی نہیں ہے ۔ بلکہ اسلام کے صحیح شعور کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو ایک اچھا مسلمان بنانا بھی ہے ۔ ہم خلافت راشدہ کا نظام بحال کرنا چاہتے ہیں ۔سید مودودی ؒ نے جب اسلامی نظام اور اقامت دین کی بات کی تھی تو لوگوں نے اسے ناممکن العمل قرار دیا تھا۔ مگر آج دنیا کے ہر ملک میں اسلام کے نفاذ اور خلافت راشدہ کے نظام کی بات ہو رہی ہے ۔ بانی جماعت اسلامی سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کی فکر دنیا بھر میں پھیل چکی ہے ۔ راشد نسیم نے کہا کہ کراچی میں جو کچھ ہو رہا ہے ٗ یہ سب مکافات عمل ہے ۔ زیادہ دیر تک جبر کا نظام نہیں چل سکتا۔کل تک ایم کیو ایم کا طوطی بولتا تھا۔ آج اس کا حشر دنیا دیکھ رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :