پاسبان سپریم کورٹ کو کراچی کی قلت آب والے علاقوں کی فہرست پیش کرے گی،طارق چاندی والا

ہفتہ 27 اگست 2016 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اگست ۔2016ء) پاسبان کراچی تنظیمی کمیٹی کے چیئر مین طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ کراچی کے رہائشی علاقوں میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے معاملے پر سپریم کورٹ کی رولنگ پانی کی قلت کا شکار شہریوں کے لئے امید کی کرن ہے ۔پاسبان سپریم کورٹ کو قلت آب والے علاقوں کی فہرست پیش کرے گی تاکہ واٹر بورڈ کے نااہل افسران کے خلاف موثر کاروائی اور اہلیان کراچی کو واٹر ٹینکر مافیا سے نجات دلائی جاسکے ۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے کرپٹ اہلکاروں کی جانب سے ٹینکر مافیا کو فائد پہنچانے کے لئے لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی نہیں کی جاتی اور شہریوں کو مہنگے داموں ٹینکر مافیا سے پانی خریدنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

پاسبان چیف جسٹس سپریم کورٹ سے درخواست کرتی ہے کہ وہ قلت آب کی وجوہات اور قلت زدہ علاقوں کی فہرست مرتب کرنے کی بھی ہدایت کرے تاکہ کراچی کے قلت آب کا شکار شہریوں کی داد رسی ممکن بنائی جاسکے۔

طارق چاندی والا نے کہا کہ پانی کی قلت حقیقتاََ ڈرامہ ہے اصل مسئلہ واٹر بورڈ کی انتظامیہ کا کام پر توجہ نہ دینا ہے اگر واٹر بورڈ کے ہر سطح کے ذمہ داران اپنی اہلیت ، فرض شناسی اور عوام کی تکالیف کا احساس کریں تو پانی کی قلت کا مسئلہ چند دنوں میں حل ہوسکتا ہے۔ دریں اثناء طارق چاندی والا نے پاسبان کراچی کے تمام یونٹ صدور کو ہدایت جاری کی ہے کہ سپریم کورٹ میں قلت زدہ علاقوں کی فہرست کی تیاری میں پاسبان کراچی سیکریٹریٹ کو متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کریں۔

متعلقہ عنوان :