Live Updates

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف عنقریب لندن میں بڑے مظاہرے کی کال دوں گا ،برطانیہ میں مقیم کشمیری میری طرف سے 10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی پر ایک یاداشت پیش کریں گے,مقبوضہ کشمیر میں اٹھنے والی تازہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی ،بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو پھر تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی، حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے

پی ٹی آئی کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری کا مانچسٹر میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب

ہفتہ 27 اگست 2016 21:23

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اگست ۔2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف میں عنقریب لندن میں ایک بڑے مظاہرے کی کال دوں گا ،اسی طرح مجھے برطانوی پارلیمنٹ میں بھی خطاب کی دعوت دی گئی ہے،جبکہ کچھ دنوں میں برطانیہ میں مقیم کشمیری میری طرف سے ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی پر ایک یاداشت پیش کریں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں اب جو تحریک اٹھی ہے وہ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔اگر اس موقع پر بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو پھر تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

اب جبکہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے توایسے وقت میں کشمیری مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھانے کے لئے خود اٹھ کھڑے ہوں۔

وہ ہفتہ کو یہاں مانچسٹر میں پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ کے مرکزی رہنماء چوہدری سردار آف سماہنی کی طرف اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے ۔ جس میں برطانیہ بھر سے پی ٹی آئی کشمیر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ اس فیصلہ کن موڑ پر مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھائیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت اور مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کرکے ایک کینگرو اسمبلی وجود میں لائی گئی ہے۔ تاکہ تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کی جا سکے ۔ ہم نے اس سلسلے میں ایک وائٹ پیپر جاری کیا ہے جس میں دھاندلی کے ثبوت دئیے گئے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں مسئلہ کشمیر عالمی سطح پرآواز بلند کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات