قائداعظم کی قیادت میں خواتین نے حصول پاکستان میں مثالی کراداراداکیا، اب پرویز مشرف کی قیادت میں تعمیر پاکستان میں اپنا اہم کراداراداکریں گی

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 27 اگست 2016 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ حصول پاکستان میں قائداعظم کی قیادت میں خواتین نے مثالی کراداراداکیا، اب جنرل(ر) پرویز مشرف کی قیادت میں تعمیر پاکستان میں اپنا اہم کراداراداکریں گی ،خواتین اے پی ایم ایل کا اثاثہ ہیں اور یہ حقیقت ہے کہ انہیں سیاسی دھارے میں لائے بغیر قوم کی تعمیر ممکن نہیں۔

وہ ہفتہ کوپارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ نئی عہدیداران کو نوٹفکیشنز دینے کی تقریب میں خواتین سے خطاب کر رہے تھے ۔ہفتہ کوفیڈرل کیپیٹل شعبہ خواتین کی نئی عہدیداران کو نوٹفکیشنز جاری کئے گئے۔اس موقع پر لاہورسے سیدہ امینہ گیلانی اور ہما ایڈوکیٹ نے اسلام آباد سے پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے اے پی ایم ایل شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فاطمہ سکندر ملہی،مرکزی جنرل سیکرٹری مسز تقدیرہ اجمل ، فیڈرل کیپیٹل کی صدر سیدہ فردوس ،فیڈرل کیپیٹل کے صدر راجہ حماد، جنرل سیکرٹری حاجی مطلوب، مرکزی راہنما سبین ترین اور پارٹی کی دیگر نے بھی خواتین سے خطاب کیا۔

جاری کئے گئے نوٹفکیشنز کے مطابق برجیس سجاداور ربابہ صادق کو فیڈرل کپیٹل کی سنئیرنائب صدرجبکہ صباامینNA-49صدر، ادیبہ ایڈوکیٹ NA48کی صدر، ریحانہ اور الماس نائب صدر،NA-49کی سینئرنائب صدرشائستہ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری،عالیہ نواز جنرل سیکرٹری،ساحرہ لیاقت نائب صدر جبکہ میمونہ مقصود کوNA-48سے جوائنٹ سیکرٹری مقررکیاگیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی راہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ادوار میں حکمرانوں نے اپنے بینک بیلینس اور بیرون ممالک اثاثوں میں اضافہ کیاجبکہ عام آدمی کا برے طریقے سے استحصال کیاگیا۔

اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے کہاکہ صرف جنرل(ر)پرویز مشرف ہی ہیں جنہوں نے عوام کو ریلیف دیا۔یہی وجہ ہے کہ عوام شدت سے ان کا انتظار کررہے ہیں۔پارٹی قائدین کی طرف سے نئی عہدیداران کو مبارکباد بھی پیش کی گئی اور امید ظاہر کی گئی کہ وہ پارٹی کے استحکام کے لئے بھرپور کوشش کریں گی۔